
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر معاملہ وفاقی کابینہ کے حتمی فیصلے تک مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر مسلسل تنقید کے بعد ایاز صادق نے سخت ردِ عمل دیا۔ خط میں اسپیکر نے مؤقف اپنایا کہ ان کا اس اضافے سے کوئی تعلق نہیں اور وہ اس وقت تک اضافی تنخواہ نہیں لیں گے جب تک کابینہ اس پر حتمی فیصلہ نہ کرے۔
ایاز صادق نے لکھا کہ میری تنخواہ نہ بھی بڑھے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، میں اس معاملے سے لاتعلق ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد زیر غور نہیں، رانا ثنا اللہ
یاد رہے کہ بجٹ سے قبل حکومت نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی سو فیصد اضافہ کیا تھا، جس پر نہ صرف سیاسی رہنماؤں بلکہ عوامی حلقوں نے بھی سخت تنقید کی۔ سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی جبکہ ایاز صادق کا تعلق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے ہے۔
ایاز صادق کے اس فیصلے کو سیاسی حلقوں میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو عوامی دباؤ کے تحت لیا گیا۔