بادل برسنے کو تیار؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
rain alert Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 6 جولائی سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا نیا دور شروع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جولائی تک موجودہ بارشوں کا اسپیل جاری رہے گا، جس کے بعد 6 جولائی سے ایک نیا اور شدید اسپیل شروع ہوگا، جو بالائی اور جنوبی دونوں علاقوں کو متاثر کرے گا۔

اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، ڈی جی خان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق اگلے ہفتے کے آغاز پر شدید بارشوں کا ایک مضبوط اسپیل متوقع ہے، جو فلیش فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور ڈیمز میں پانی کی سطح میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

موسم کی اس غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) جبکہ ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ اسی طرح برفانی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔