حاضر سروس سیشن جج راجہ امتیاز توہین عدالت پر گرفتار
Judge Raja Imtiaz arrested
فائل فوٹو
آزاد کشمیر: (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر میں سپریم کورٹ کے حکم پر حاضر سروس سیشن جج راجہ امتیاز کو توہین عدالت کے الزام میں کمرۂ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آزاد کشمیر کے فل بینچ نے، چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں، سیشن جج راجہ امتیاز کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں 3 دن قید کی سزا سنا دی۔

عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ جج راجہ امتیاز نے عدالت کی اتھارٹی کو چیلنج کیا اور جھوٹے بیانات کے ذریعے عدالت کے وقار کو مجروح کیا۔

ذہن نشین رہے کہ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب انسداد منشیات عدالت حویلی کے اسپیشل جج راجہ امتیاز نے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے برخلاف ایک ملزم کی ضمانت منظور کی۔ اس اقدام کو سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں:ججز کی سینیارٹی ازخود طے کرنے پر جسٹس منصور علی شاہ کا اعتراض

فیصلے کے بعد راجہ امتیاز کو کمرۂ عدالت سے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ اس عمل کع عدالتی حلقوں میں ایک تاریخی اور جرات مندانہ قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عدلیہ کے وقار کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔