یوم عاشور: حکومت کا 2 چھٹیوں کا اعلان
Ashura holidays
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے یوم عاشور کی مناسبت سے 2 روز کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں 9 اور دس محرم بتاریخ 5 اور 6 جولائی 2025 کو عام تعطیل ہوگی۔
عام تعطیل کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، دفاتر بند رہیں گے تاہم جلوس کے حوالے سے جن سرکاری اور انتظامی اداروں کی ڈیوٹیز ہیں وہ معمول کے مطابق کھلیں گے اور لازمی سروس والے ملازمین پرنوٹی فکیشن کا اطلاق نہیں ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ فوج آرٹیکل 245 کے تحت
سول اداروں کی مدد کرے گی
 
محرم الحرام میں خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو ملک بھر میں جلوس اور مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فوج کے دستے تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر کے حساس علاقوں میں پاک فوج امن و امان قائم رکھنے کیلئے سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔
صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو فوج تعینات کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر وفاق نے فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کے ہنگامے، دہشت گردی یا فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کیلئے یہ اقدام مؤثر تصور کیا جا رہا ہے۔