سرکاری ملازمین کو تنخواہ چیک اورکیش کی صورت میں بند
پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کیش اور چیک کے ذریعے ادائیگی کا طریقہ مکمل طور پر بند کر دیا
پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی کیش اور چیک کے ذریعے ادائیگی کا طریقہ مکمل طور پر بند کر دیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کیش اور چیک کے ذریعے ادائیگی کا طریقہ مکمل طور پر بند کر دیا۔ اب تمام ملازمین کو تنخواہ صرف اور صرف بینک کے ذریعے دی جائے گی۔

 سرکاری طور پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب سے تمام ادارے، محکمے اور سرکاری دفاتر ملازمین کو تنخواہ نقد یا چیک کی صورت میں ادا نہیں کریں گے۔ تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی، تاکہ کسی بھی قسم کی ہیرا پھیری، دیر یا غیر ضروری رکاوٹ سے بچا جا سکے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ ملازمین کو اپنی تنخواہ بروقت اور محفوظ طریقے سے حاصل کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول پر عوام سے کتنا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے؟

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکمے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ان تمام ملازمین کی تفصیلات جلد از جلد بینک اکاؤنٹس کے ساتھ منسلک کی جائیں جنہوں نے ابھی تک اپنی تنخواہ کسی مخصوص بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کروائی۔

سرکاری ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بینک تفصیلات جلد از جلد فراہم کریں تاکہ آئندہ کسی مشکل کا سامنا نہ ہو اور تنخواہیں مقررہ وقت پر با آسانی ان کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو سکیں۔