عمران خان کی پارٹی قیادت کو عاشورہ کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنیکی ہدایت
پیٹرن انچیف تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میری بہنوں عظمیٰ خان اور نورین خان کو 15 منٹ ملاقات کی اجازت ملی، وکیل ظہیر عباس کو صرف ڈیڑھ منٹ عمران خان سے ملنے دیا گیا ، ان کے علاوہ سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور نیاز اللہ نیازی کو بانی سے ملاقات کیلئے جانے نہیں دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے نتائج سامنے آرہے ہیں، عمران خان کو مائنس کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 27ویں ترمیم لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں، لوگوں کو آزادی اظہار رائے کی اجازت نہیں ہے، قوم کو غلام بنایا جارہا ہے ، اس سے بہتر ہے بادشاہت کا اعلان کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود و دیگر اسیر رہنماؤں کا پارٹی قیادت کو حکومت سے مذاکرات کا مشورہ

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو 10 محرم کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے،عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی تعریف کی ہے، بانی نے پارٹی قیادت کیلئے ہدایات دی ہیں جو سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو بتادی ہیں۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے ہمارے پنجاب اسمبلی کے 26 اراکین پر پابندی لگا دی گئی ہے، اس سے بہتر ہے ہمارے اراکین عوامی اسمبلی لگالیں۔