
اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مودی کا تکبر خاک میں مل گیاہے، بھارت کی جانب سےپاکستان پردوبارہ حملےکا امکان موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر اور پانی کا ایشو بات چیت سے حل ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پرمتعدد ممالک نے ہمارے مؤقف کی تائید کی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پاکستان پر پھر سے حملے کی تیاری؟
خواجہ آصف نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کےموقع پربھارتی وزیر دفاع سےبات نہیں ہوئی،بھارتی وزیردفاع نے میری تقریر کے بعد بات کرنے کی کوشش کی،انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔
وزیر دفاع نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات پاکستان کی مشترکہ ضرورت ہے، امریکا کی کسی ایسی پالیسی کاحصہ نہیں بنیں گےجس کاہمیں نقصان ہو، امریکا کے ساتھ تعلقات پر معاشی اور سفارتی سطح پر فائدے ہو رہے ہیں۔
ایران اسرائیل تنازع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان نے ایران کا ساتھ دیا، بھارت کو اب ایران میں اتنی پذیرائی نہیں ملے گی۔