مخصوص نشستوں کا فیصلہ، پی ٹی آئی پھر عدالت پہنچ گئی
مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچ گئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچ گئی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں کے نظرثانی فیصلے کے معاملہ پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں نظرثانی مختصر فیصلے کا 12 ججز کا دستخط شدہ آرڈر آف دی کورٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے، پی ٹی آئی نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے ذریعے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے۔

خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ27 جون کو سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں نظر ثانی کیس کا مختصر فیصلہ دیا، مختصر فیصلے کے آرڈر آف دی کورٹ میں صرف 10 ججز کے دستخط شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف مخصوص نشستوں سے محروم، عدالت نے فیصلہ سنادیا

متن میں کہا گیا کہ جسٹس صلاح الدین پنہور کے بنچ سے علیحدہ ہونے کے بعد 12 ججز کے دستخط ہونا لازم ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے الگ رائے دی جبکہ جسٹس مظہر اور جسٹس حسن اظہر کی رائے بھی الگ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام جج صاحبان کے الگ الگ فیصلوں کی مصدقہ نقول فراہم کی جائیں۔

یاد رہے کہ 27 جنون کو سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے مخصوص نشستوں کے نظرثانی کیس کا فیصلہ جاری کیا تھا جس میں عدالت نے تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں سے محروم کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بحال کردیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا تھا کہ مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کو ملیں گی، پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں نہیں مل سکیں گی۔