
اس موقع پر بیشتر بینک اور مالیاتی ادارے عوام کیلئے بند ہوں گے، مگر ان اداروں کے ملازمین کو معمول کے مطابق کام پر بلایا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر مرکزی مالیاتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جولائی کو نئے مالی سال کے آغاز کے سلسلے میں بینکوں کے اکاؤنٹس کی کلوزنگ کی جاتی ہے، جس کے باعث یہ دن بینک ہالیڈے کے طور پر مختص کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ دن محض بینکوں کے اندرونی امور کیلئے مخصوص ہوتا ہے اور اس کا اطلاق صرف مالیاتی اداروں پر ہوتا ہے۔ عام عوام، نجی دفاتر اور کاروباری اداروں کیلئے یکم جولائی معمول کا دن ہوگا، اور تمام سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، ہنگامی الرٹ جاری
خیال رہے کہ اس موقع پر کچھ عوامی حلقوں میں یہ تاثر بھی پایا جا رہا تھا کہ یکم جولائی کو مکمل قومی تعطیل ہوگی، تاہم حکام نے اس کی وضاحت کر دی ہے کہ یہ عوامی تعطیل نہیں بلکہ صرف بینکنگ شعبے کیلئے مخصوص ایک تکنیکی تعطیل ہے۔
ذہن نشین رہے کہ بینک ہالیڈے کا مقصد مالی سال کے اختتام پر اکاؤنٹس اور لیجرز کو ترتیب دینا ہوتا ہے، تاکہ نئے مالی سال کی مالیاتی منصوبہ بندی بہتر طور پر کی جا سکے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر کوئی بینک سے متعلقہ کام ہے تو وہ یکم جولائی سے پہلے مکمل کر لیا جائے۔