
گزشتہ دو روز سے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خاص طور پر دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جبکہ دریائے سوات کا سیلابی ریلا بھی دریائے کابل میں شامل ہو چکا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے کئی شہروں میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔