پلاسٹک کی خالی بوتلیں جمع کرانے پر ایک ہزار روپے انعام
 صوبائی دارالحکومت لاہور میں پلاسٹک کی 20 بڑی اور 40 چھوٹی بوتلیں مشین میں ڈالنے پر شہریوں کو ایک ہزار روپے کا انعام ملے گا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پلاسٹک کی 20 بڑی اور 40 چھوٹی بوتلیں مشین میں ڈالنے پر شہریوں کو ایک ہزار روپے کا انعام ملے گا۔

وزیرِ اعلیٰ گرین کریڈٹس پروگرام کے تحت ایک بار استعمال کی گئی پلاسٹک بوتل کو ری سائیکل کرنے کیلئے پلاسٹک وینڈنگ مشینری کی تنصیب کی جا رہی ہے، اس مشین میں ڈیڑھ لٹر والی 20 جبکہ ہاف لٹر کی 40 بوتلیں ڈالنے پر ایک ہزار روپے کیش حاصل کیا جا سکے گا۔

ایک بار استعمال شدہ پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کیلئے پنجاب حکومت اور نجی کمپنی کے مابین معاہدہ طے پا گیا، نجی کمپنی کی جانب سے چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی طور پر تیار کی گئی مشینیں آئندہ ماہ لاہور کی 4 بڑی جامعات میں نصب کی جائیں گی۔

لاہور کی مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ایسی مشینوں کی تنصیب کی جائے گی، یہ مشین 2 خانوں پر مشتمل ہوگی، مشین میں نصب بٹن اے دبانے پر اس میں پلاسٹک کی خالی بوتل دالی جائے گی ، بوتل مشین میں ڈالنے والا اس مشین میں اپنا فون نمبر درج کرے گا اور بٹن بی دبانے پر مشین کی سکرین پر گرین کریڈٹس دکھائی گے جنہیں ایپ کی مدد سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ چار روز تک مون سون کے دھواں دار سپیل کی پیشگوئی

نجی کمپنی کے چیئرمین گلفام عابد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لاہور میں روزانہ 5 سو ٹن پلاسٹک بوتل کا کچرا ہوتا ہے، مخصوص مشینری کی مدد سے پلاسٹک کی بوتلوں اور سنگل یوز پلاسٹک کے برتنوں کو ری سائیکل کیا جائے گا اور ان سے فٹ پاتھ، سڑکوں کے پیچ ورک اور اینٹیں بنائی جائیں گی۔

گلفام عابد نے بتایا کہ مشین میں ڈیڑھ لٹر کی 20 جبکہ ہاف لٹر کی 40 بوتلیں ڈالنے پر ایک ہزار روپے فوری کیش ملے گا، گرین کریڈٹس میں صرف عام شہری ہی نہیں بلکہ کباڑ کے کاروبار سے منسلک لاہور کے 18 ہزار افراد بھی مستفید ہو سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کباڑ کے کاروبار سے منسلک افراد ایپ کے ذریعے کمپنی سے رابطہ کریں گے اور کمپنی ملازم خود جا کر انہیں رقم دے کر بوتلیں لیں گے۔