آئندہ چار روز تک مون سون کے دھواں دار سپیل کی پیشگوئی
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے آئندہ 3 تا 4 روز کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے آئندہ 3 تا 4 روز کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق آج 29 جون سے 5 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار، شمالی و وسطی خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش کا امکان ہے جبکہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں سیلابی صورتحال کا اندیشہ ہے،ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال کے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، ہنگامی الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، دریائے سوات اور چترال و ہنزہ سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤمیں اضافہ متوقع ہے جبکہ 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں،آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہذا محتاط رہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔