ہم نے نہ سابق حکومت کو چلنے دیا نہ اس کو چلنے دیں گے: فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے نہ سابق حکومت کو چلنے دیا نہ ہی اس حکومت کو چلنے دیں گے۔
فائل فوٹو
بٹگرام: (سنو نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے نہ سابق حکومت کو چلنے دیا نہ ہی اس حکومت کو چلنے دیں گے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں شعائر اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 2018 کی طرح 2024 کا الیکشن بھی دھاندلی زدہ ہے،ہم 2024 کے الیکشن کے نتائج تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ سابق حکومت کوچلنےدیا اور نہ ہی اِس حکومت کو چلنے دیں گے، جے یو آئی کے کارکنان میدان عمل میں ہوں گے اور کامیابی ہمارا مقدر بنے گی، ہم آگے بڑھیں گے اور پاکستان کےاندرانقلاب برپا کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک آئین کی پٹڑی سےاتررہاہے، ہم ملک کو آئین کی پٹڑی سے اتارنے والوں کےسامنے سیسہ پلائی دیوارہیں، ہم ملک میں آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، جےیوآئی اسمبلی کواب ایسے نہیں چلنےدےگی۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی منظر نامے پر ہلچل، وزیراعظم چودھری نثار کے گھر پہنچ گئے

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ جے یو آئی پاکستان میں انقلاب برپا کرے گی، ہمارے حکمران کم عقل ہیں اور قوم کا پیسہ لوٹ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کی طاقت ہمارے ساتھ ہے، ہم حکومت کے خلاف کھڑے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام کا فیصلہ غلط اور یکطرفہ ہے، قبائل ناراض ہیں، فاٹا کے انضمام پر میں نے اسمبلی میں تحریری طور پر سوالات اٹھائے تھے، آج فاٹا کا انضمام کرنے والے اپنے فیصلے پر پچھتا رہے ہیں، اس وقت کی حکومت ہماری بات مانتی توآج مسائل کم ہوتے۔