
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بادل برسنے کا امکان ہے، جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان تک پھیلنے کی توقع ہے۔
سندھ میں بھی موسم کی صورتحال غیر یقینی ہے، کراچی سمیت حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بھی آج بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ہدایت دی ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، ہنگامی الرٹ جاری
وزیراعظم نے موبائل میسج کے ذریعے شہریوں کو بروقت موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔