عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں،ترجمان جیل خانہ جات
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان/فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ کو جیل میں قانون کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں۔

ترجمان جیل خانہ جات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سابق وزیراعظم کا روزانہ کی بنیاد پر طبی معائنہ ہوتا ہے جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی ضرورت کے مطابق علاج کی سہولت حاصل ہے۔

جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ بانی تحریک انصاف کو عدالت کے احکامات اور جیل قوانین کے تحت ملاقاتوں کی اجازت ہے اور اس پر باقاعدگی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں ان کی مرضی کا کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

ترجمان نے بتایا کہ جیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا نظام موجود ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں روم ایئر کولر بھی لگا ہوا ہے تاکہ گرمی سے بچاؤ ممکن ہو۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عران خان کو ورزش اور چہل قدمی کی سہولت حاصل ہے، انہیں شروع سے ایک ہی سیل میں رکھا گیا ہے، کہیں اور منتقل نہیں کیا گیا۔ ان کے سیل میں ٹی وی اور روم ائیر کولر کی سہولت بھی موجود ہے۔