
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کا حق تھا جس سےمحروم کردیا گیا، ایسا لگتا ہے قاضی فائز عیسیٰ کا سایہ اب بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کی غلط تشریح کی گئی ہے، آئین سازوں نے یہ بھی نہیں سوچا کہ پارٹیوں کو تناسب سے زیادہ سیٹیں ملیں گی، جب بھی 26 ویں ترمیم ختم ہوگی یہ فیصلہ ختم ہوجائےگا، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، وقت بتائے گا یہ فیصلہ غلط ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، اب نظرثانی فیصلے کے بعد ہم کسی اورعدالت میں نہیں جاسکتے، ہم فیصلے کے خلاف اسمبلی اورعوامی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں کا فیصلہ، حکمران اتحاد کی نشستیں بڑھ گئیں
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عدالتی فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ اس عدالتی فیصلے سے آئین قانون اور نظام انصاف مکمل تباہ ہو گیا، سپریم کورٹ نے آئین پر شب خون ماردیا، آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ 8 ججز کا اکثریتی فیصلہ 7 ججز نے ختم کردیا، عدالت نے مخصوص نشستیں مسترد شدہ جماعتوں میں بطور مال غنیمت بانٹ دیں، آج کا فیصلہ عوامی جذبات کی عکاسی نہیں کرتا۔