
فیصلے سے قبل پارٹی پوزیشن میں حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے ارکان کی مجموعی تعداد 218ہے،مسلم لیگ (ن) کے 110، پیپلز پارٹی کے 70، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے 22 اور مسلم لیگ (ق) کے پانچ ارکان ہیں۔
پارٹی پوزیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے مجموعی ارکان کی تعداد 100 بتائی گئی ہے ۔
اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کے 80، تحریکِ انصاف کی حمایت سے کامیاب ہونے والے آٹھ آزاد ارکان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آٹھ ارکان بھی شامل ہیں جبکہ نئی فہرست میں تحریکِ انصاف بطور پارٹی موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف مخصوص نشستوں سے محروم، عدالت نے فیصلہ سنا دیا
عدالتی فیصلے کی روشنی میں قومی اسمبلی میں ن لیگ کو 14، پیپلز پارٹی کو 5، جے یو آئی (ف) کو 3 اضافی نشستیں ملی ہیں،اس فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 124 جبکہ پیپلز پارٹی کے 75 اراکین ہوں گے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو بھی فائدہ پہنچا ہے، عدالتی فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں جے یو آئی کے ارکان کی تعداد11 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کا تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستیں نہیں مل سکیں گی۔