پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بڑی بہتری، 13 درجے اوپر آ گیا
Pakistan passport ranking
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2025 کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی پاسپورٹ نے 13 درجے بہتری کے ساتھ 100ویں پوزیشن حاصل کر لی۔

یہ رینکنگ معروف عالمی ادارے ’ہینلے اینڈ پارٹنرز‘ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 2021 میں پاکستان کا پاسپورٹ دنیا بھر میں 113 ویں نمبر پر تھا، تاہم اب اس میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر اب کئی ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن آرائیول سہولت دستیاب ہے، جس سے عالمی سفر نسبتاً آسان ہو گیا ہے۔

2025 کی فہرست میں سنگاپور کو دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جس پر 193 ممالک میں ویزا فری انٹری کی سہولت موجود ہے۔ دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا، جب کہ تیسرے نمبر پر یورپی ممالک جیسے ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، اسپین شامل ہیں۔ امریکہ کا پاسپورٹ چھٹے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بھارت 82 ویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اب پاکستانی 32 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں

پاکستانی پاسپورٹ پر جن ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن آرائیول کی سہولت حاصل ہے ان میں قطر، نیپال، کینیا، مالدیپ، سری لنکا، موزمبیق، روانڈا، سیشلز، ہیتی، بارباڈوس، برونڈی، کمبوڈیا، جبوتی، صومالیہ، سینگال، سیرا لیون، اور ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری ملک کے سفارتی تعلقات اور بین الاقوامی ساکھ میں بہتری کی علامت ہے، تاہم ابھی بھی کافی سفر باقی ہے۔