میر عطاالرحمان مینگل قتل کیس، سردار اختر مینگل کا بیٹا ملزم نامزد
Akhtar Mengal
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معروف قبائلی و سیاسی شخصیت میر عطاالرحمان مینگل کے قتل کے مقدمے میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کے بیٹے میر گورگین مینگل کو نامزد کر دیا گیا۔

یہ مقدمہ ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں واقع آڑنجی لیویز تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں اسداللہ مینگل اور میر گورگین مینگل سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا۔

مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان کلاشنکوفوں سے مسلح ہو کر آئے اور اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں میر عطاالرحمان جاں بحق اور ان کا بیٹا مطیع الرحمان شدید زخمی ہو گیا۔

یاد رہے کہ میر عطاالرحمان مینگل کو چند روز قبل آڑنجی کے علاقے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ موجود تھے۔ واقعے نے خضدار سمیت پورے بلوچستان میں سیاسی و قبائلی حلقوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی خیبرپختونخواہ حکومت کو بڑی ہدایت

واضح رہے کہ میر عطاالرحمان مینگل بلوچستان کے سابق نگران وزیراعلیٰ میر نصیر مینگل کے صاحبزادے اور جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمان مینگل کے بھائی تھے۔ ان کا شمار خضدار کی بااثر اور اہم شخصیات میں کیا جاتا تھا۔