موبائل فون بندش کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے ہوگا: وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی کو اشتعال انگیزی اور شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام سکیورٹی پلان کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی کو اشتعال انگیزی اور شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر میں محرم الحرام سکیورٹی پلان کے حوالہ سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی، جلوسوں و مجالس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں محرم الحرام 1447ھ کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا، جس میں سپارکو اور محکمہ موسمیات کے حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق آج (بروز جمعہ) نئے ہجری سال کا پہلا دن یعنی یکم محرم الحرام ہوگا۔ 9 محرم الحرام 5 جولائی بروز ہفتہ اور یوم عاشور 10 محرم 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔