
قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اسپیشل پراسکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ و نیب پراسکیوٹر رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں نیب نے پراسکیوشن ٹیم تعینات کی، 5 جون کو نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ وہ بھی بحث نہیں کریں گے، اس کیس میں خاتون کو بھی سزا ہے، خواتین کی عام طور پر عدالتوں سے سزا معطل ہو جاتی ہے، گزارش ہے ہمیں اپنا کیس شروع کرنے کا موقع دے دیں، شفافیت اس میں ہے کہ مجھے موقع دے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر اہم پیشرفت
جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مجھے بھی مناسب موقع ملنا چاہئے، میں اس کیس کا کبھی بھی حصہ نہیں رہا، مجھے موقع دے دیں تاکہ میں پڑھ کر ان کے کیس کے نوٹس لے لوں۔ نیب کے نئے پراسیکوٹر نے کیس تیاری کے لیے 4 ہفتے دینے کی استدعا کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکوٹر کی کیس تیاری کے لیے 4 ہفتے دینے کی استدعا پر 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی۔