عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر اہم پیشرفت
 بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب ) نے پیٹرن انچیف تحریک انصاف عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کیلئے دائر درخواستوں کی پیروی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کردیا۔

نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں کی پیروی کے لیے جاوید ارشد ایڈووکیٹ کو سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کیا گیا ہے۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے سپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کی منظوری دے دی جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 3 گھنٹے میں پاس کیا گیا بجٹ قبول نہیں، علیمہ خان

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی اپیل پر نیب پراسیکیوشن ٹیم نوٹیفائی کرنے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔

سابق وزیراعظم اور سابق خاتون اول کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی نے سماعت کی تھی۔

وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہے، منتوں، مرادوں اور دعاؤں کے بعد آج کی تاریخ ملی ہے، آج کی تاریخ ہمیں آسانی سے نہیں ملی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو ٹیم نوٹیفائی کرنےکی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی تھی۔