
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ لاہور میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 70 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔
فیصل آباد میں بارش نے گرمی کی چھٹی کرا دی، شہر میں اب تک 94 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے شہرکے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ قصور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
ساہیوال میں بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ اوکاڑہ میں تیزبارش سے بنگلہ گوگیرہ میں ایک مکان کی چھت گرگئی جس سے ایک بچی جاں بحق اور دو زخمی ہوگئیں۔ نارووال میں بھی بادل جم کر برسے اور موسلادھار بارش سے گلیاں بازار اور نشینی علاقے زیر آب آگئے۔ دیپال پور میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بھی ابر رحمت برس پڑا۔ سمندری اور گردونواح میں شدید بارش سے گلیاں ندی نالوں کا منظرپیش کرنے لگیں۔ ڈسکہ، پھالیہ، پاکپتن اور حافظ آباد میں بھی ہلکی اور موسلادھاربارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے اکثرعلاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل رہی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ اگلے دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ 26 سے 28 جون تک شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، سوات، مانسہرہ میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔ 27 جون کو حیدرآباد اور کراچی میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تیز ہوائیں، گرج چمک سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
خیبرپختونخوا، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ جمعرات کو بالائی علاقوں میں تیز بارش اور ہوائیں متوقع ہیں۔ سندھ و بلوچستان کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا۔