
پاکستان یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی شرط ختم کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) شہریار اکبر خان جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت نائب معاون وزیر برائے سیاسی امور ریم کیتیت نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ابوظہبی میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا 12 واں اجلاس ہوا۔
اس موقع پر 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ایک بڑا اقدام دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا سے استثنٰی کا معاہدہ ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل معیشت میں تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی باقاعدہ اتفاق ہوا جو مستقبل میں دونوں ممالک کے معاشی مفادات کو مزید وسعت دے گا۔