
دی ہیگ میں نیٹو اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ نہ رکتی تو جوہری تنازع ہونے کا امکان تھا ، پاک بھارت جنگ رکوانے کے لیے میں نے دونوں ممالک کی قیادتوں سے متعدد بار فون پر رابطہ کیا اور انہیں جنگ کے بجائے تجارت کرنے کی تجویز دی۔
امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آرمی چیف سید عاصم منیر سے میری ملاقات ہوئی، وہ متاثر کن شخصیت ہیں، عاصم منیر ایک بہترین انسان ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھاکہ میں نے ایران اسرائیل ، روانڈا اور کانگو، پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثِی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی، امریکی صدر کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا تھا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ٹرمپ نے مزید کہاتھاکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔