عاشورہ کے موقع پر سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد
محکمہ داخلہ سندھ نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ سندھ نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔

موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 12سال سے کم عمر بچوں، ضعیف افراد اور صحافی کو پابندی سے استثنیٰ ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپارکو کی جانب سے محرم الحرم کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ نوٹیفکیشن جاری

ترجمان سپارکو کے مطابق محرم کے چاند کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ (پاکستان کے معیاری وقت) پر متوقع ہے،26 جون 2025 کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔

سپارکو ترجمان نے بتایا کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب (چاند ڈوبنے) کے درمیان متوقع مدت 75 منٹ ہوگی، یہ مدت چاند کی رویت کے لیے موافق ترین حالات فراہم کرے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 26 جون 2025 کی شام صاف موسم کی صورت میں محرم کا نیا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 کو متوقع ہے تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو ملک بھر میں یومِ عاشورہ یعنی محرم کی دسویں تاریخ 6 جولائی بروز اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

واضح رہے کہ محرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 جون کی شام کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے، جو ڈی سی آفس کوئٹہ میں منعقد ہوگا،اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔