جنگ کے بعد پہلی بار پاک بھارت وزرائے دفاع کی ملاقات متوقع
 پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی پہلی ملاقات متوقع ہے۔
فائل فوٹو
بیجنگ: (ویب ڈیسک) پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی پہلی ملاقات متوقع ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اوربھارت کے وزرائےدفاع کے درمیان ملاقات چین میں بدھ سے شروع ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے 2 روزہ اجلاس کے موقع پر ہونے کا امکان ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف کریں گے جو چین پہنچ چکے ہیں جب کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں راج ناتھ سنگھ کی چین، روس اور دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیردفاع خواجہ آصف کی بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے کوئی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور اچانک جسٹس منصورعلی شاہ کی عدالت پہنچ گئے

ترک میڈیا کے مطابق ایس سی او اجلاس میں علاقائی و عالمی سلامتی، انسداد دہشتگردی تعاون اور عسکری روابط پر غور ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ملاقات ہو جاتی ہے تو یہ ایک اہم سفارتی پیشرفت ہوگی، جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے دروازے کھولنے کی طرف پہلا قدم ہو سکتی ہے۔

ایس سی او اجلاس کو عالمی سطح پر اس لیے بھی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ موجودہ حالات میں پاکستان، بھارت، چین اور روس جیسے اہم ممالک کا ایک میز پر آنا امن کی کوششوں کے لیے امید افزا قرار دیا جا رہا ہے۔