
سی ٹی ڈی پنجاب نے آپریشن یلغار کے ذریعے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب کر دیا، سی ٹی ڈی نے انڈین دہشت گرد ایجنسی "را" کے 6 سہولت کاروں کو پنجاب کے مختلف اضلاع سے گرفتار کیا۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان اور ایس ایس پی آپریشنز سی ٹی ڈی پنجاب وقار عظیم نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندوں کو دشمن ملک کی سازش کی تفصیلات اور سی ٹی ڈی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
حکام کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے گرفتار ملزمان سے دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے،بہاولپور میں دبئی سے فنڈنگ کرنے والا "را" کا سہولت کار رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس سے براہ راست آئی ای ڈیزحاصل کرنے والے 2 افراد بہاولنگر سے گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی نے بہاولپور میں مسجد اور ریلوے سٹیشن پر حملے کی منصوبہ بندی بھی بے نقاب کر دی جبکہ را افسران میجر رویندر راٹھور اور انسپکٹر سنگھ کی آڈیو انٹرسیپٹس حاصل کرلیں، دہشت گردوں سے آئی ای ڈیز، حفاظتی فیوز اور خفیہ نقشے برآمد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ نوٹیفکیشن جاری
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شہزاد سلطان نے بتایا کہ بھارت سے ملنے والی ہدایات میں ٹارگٹ کلنگ اور حساس مقامات پر حملے شامل تھے، میجر رویندر راٹھور اور میجر سنگھ کی آڈیوز منظر عام پر آئی ہیں ،دہشتگردوں کے قبضے سے آئی ای ڈیز ، ڈیٹو نیٹر ز اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد ہوا۔
شہزاد سلطان کا کہنا تھا کہ بہاولپور سے اکبر علی اور محمد اسلم کو گرفتار کیا گیا، بہاولنگر میں مسجد اور ریلوے اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی ، گرفتار دہشتگردوں کے انڈین آفیسرز سے رابطے کی آڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے بتایا کہ را کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے ذریعے پیسے پاکستان میں موجود سہولتکاروں کو منتقل ہوئے ،میانوالی میں دہشتگردوں کو افغانستان سے فنڈنگ ہوتی ہے ، جتنے بھی لوگ پکڑے گئے ہیں یہ پاکستانی ہیں ،یہ پاکستانی شہری ہیں جو را کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔