
تفصیلات کے مطابق مری، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور آزاد کشمیر سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، مری اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگرعلاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے باعث کمزور عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں یکم جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
حکام نے عوام کو سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا ہے۔ بدھ اور جمعرات کے روز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں سب سے زیادہ 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔