ملک بھر میں یکم جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
 محکمہ موسمیات نے 25 جون سے یکم جولائی کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور، اسلام آباد: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے 25 جون سے یکم جولائی کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق 25 جون سے یکم جولائی کے دوران کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،خطہ پوٹھوہار اورشمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں شدید حبس اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

علاوہ ازیں ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ،کوہستان، مالاکنڈ، سوات، کالام اور لوئر دیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے،مری، گلیات ، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور،شیخوپورہ اور قصور میں بھی چند مقامات پر تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 25جون تایکم جولائی تک ممکنہ موسمی صورتحال کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی۔

ایڈوائزری کے مطابق25جون تایکم جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے،موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآبادمیں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں بشمول سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپور خاص، ٹھٹھ اور بدین کے مختلف مقامات پر 25تا28 جون آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی اور سوات کے مختلف علاقوں میں 25جون تایکم جولائی آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، شگر، دیامیر، نگر، غذر اور گھانچے کے علاقوں میں بھی یکم جولائی تک آندھی طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ جبکہ تیز ہواؤں، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور درختوں، کچی دیواروں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ آندھی اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں،گاڑیوں کو شیڈ کے نیچے یا دیگر محفوظ جگہ پر پارک کریں،آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہذا محتاط رہیں۔