
رواں ماہ 13ہزار6 سو سے زائد ٹرانسپورٹرز کو غیر محفوظ سفر فراہم کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں، جوکہ جاری کردہ کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس مرزا فرحان بیگ کے مطابق، مسافروں کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے کے خطرناک عمل پر 98 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ کیونکہ یہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
یاد رہے کہ خلاف ورزیوں پر 6 ہزار 7 سو سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئیں، جبکہ 6 ہزار66 ڈرائیورز کے خلاف عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر ایف آئی آرز درج کی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:24 گھنٹوں کے دوران 26ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری
اے آئی جی نے زور دیا کہ کسی کو بھی مالی مفاد کے لیے مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ غیر محفوظ سفر کی عادات کی حوصلہ شکنی کے لیے ٹریفک پولیس نے ایک عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی ہے، جس کا مقصد ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ٹریفک قوانین، سڑکوں پر حفاظت، اور خلاف ورزیوں کے نتائج سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
ٹریفک پولیس نے تمام ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی سلامتی کو یقینی بنانے اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے تعاون کریں۔