خضدار: قبائلی رہنما میر عطاالرحمان مینگل قاتلانہ حملے میں جاں بحق
 بلوچستا ن کے ضلع خضدار میں قبائلی رہنما میر عطا الرحمان مینگل قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔
فائل فوٹو
خضدار : (ویب ڈیسک) بلوچستا ن کے ضلع خضدار میں قبائلی رہنما میر عطا الرحمان مینگل قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔

لیویز حکام کے مطابق خضدارکی تحصیل وڈھ کے علاقے آڑ نجی کے مقام آواک پر نامعلوم افراد نے قبائلی رہنما سردار عطا الرحمان مینگل پر فائرنگ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں میر عطاالرحمان مینگل موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ان کا بیٹا مطیع الرحمان مینگل زخمی ہوگیا۔

واضح رہے کہ میرعطا الرحمان مینگل سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر مینگل کے بڑے بیٹے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے سینئر مسلم لیگی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر مینگل کے صاحبزادے میر عطاء الرحمان مینگل کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ میر نصیر مینگل اور ان کے خاندان نے ہمیشہ پاکستان سے وفاداری نبھائی اور بلوچستان کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، میں غم زدہ خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین، چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، سیکرٹری جنرل طارق حسن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان،مسلم لیگ بلوچستان کے صدر ڈاکٹر شکیل روشن اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں نے بھی پارٹی کے سینئر رہنما میر نصیر مینگل سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔