عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جاتی تو بجٹ پاس نہیں ہوگا: علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جاتی کٹ موشن تحریک میں حصہ نہیں لیا جائے گا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور / فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہیں کروائی جاتی کٹ موشن تحریک میں حصہ نہیں لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کٹ موشن تحریک میں ارکان اسمبلی کی جانب سے حصہ نہ لیا جائے، کٹ موشن تحاریک کی منظوری سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پاس ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس 26 جون کو سماعت کیلئے مقرر

انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی واضح ہدایات ہیں کہ بجٹ منظوری ملاقات سے مشروط ہے تو پھر ملاقات کروائی جائے، میں جانتا ہوں کہ اگر 30 جون تک بجٹ پاس نہ ہو سکا تو آئینی بحران پیدا ہو جائے گا، آئینی بحران سے یہ ہم سے خیبرپختونخوا حکومت ہتھیانے کی کوشش بھی کی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ واضح پیغام دیتا ہوں کہ میں کسی بھی وقت خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل بھی کر سکتا ہوں یہ میرا اختیار ہے۔