علماء کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ امریکا پراظہار اطمینان
 تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے سپہ سالا رِقوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے سپہ سالا رِقوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے سپہ سالارِ قوم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکا پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔

علماء کرام نے امریکی صدر کی طرف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ اور ملاقات کے حوالے سے کہا کہ سپہ سالا رِقوم نے امت مسلمہ کے مسائل، فلسطین، کشمیر اور ایران اسرائیل جنگ کے حوالہ سے امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کے مؤقف کو بھر پور انداز میں امریکی قیادت کے سامنے رکھا اور ڈٹ کے سامنے کیا۔

علماء و مشائخ کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ اس ملاقات کے مثبت اور فوری نتائج نکلیں گے، سپہ سالارِقوم کا دورہ امریکا ایک فاتح جرنیل کا دنیا کے سامنے اپنے مؤقف کو پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں صدر ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کے ساتھ فیلڈ مارشل کی ایران اسرائیل تنازع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے ایران اسرائیل تنازع کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیا۔