
ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب، ناصر خلیلی کی ہدایت پر سنٹرل زونل آفس نے ایک کنٹرول روم اور شکایات سیل قائم کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مستحقین کی شکایات کو بروقت، شفاف اور مؤثر انداز میں حل کرنا ہے تاکہ عوام کو ادائیگیوں سے متعلق درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔
بی آئی ایس پی کا یہ کنٹرول روم دفتری اوقات کار کے دوران موصول ہونے والی تمام شکایات پر مکمل توجہ دے گا۔ عوام بالخصوص مستحق خواتین، اس کنٹرول روم سے براہِ راست رابطہ کر کے اپنے مسائل درج کروا سکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے دو لینڈ لائن نمبرز فراہم کیے گئے ہیں۔042-99260412 اور 042-35415143
یہ نمبرز خاص طور پر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مختص کیے گئے ہیں کہ مستحق خواتین کو ادائیگیوں میں شفافیت حاصل ہو، اور ان کی شکایات فوری طور پر سنی اور حل کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سینیٹر چودھری تنویر احاطہ عدالت سے گرفتار
اس اقدام سے بی آئی ایس پی میں شفافیت، اعتماد اور عوام سے بہتر رابطہ قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ کئی بار مستحقین کو یہ شکایت رہتی تھی کہ ان کے مسائل یا تو سنے نہیں جاتے یا ان پر عملدرآمد میں تاخیر کی جاتی ہے، مگر اب کنٹرول روم کی بدولت یہ شکایات براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچیں گی اور ان کے حل کی نگرانی بھی مؤثر انداز میں کی جائے گی۔
بی آئی ایس پی کا یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ عوامی فلاح کو اولین ترجیح دیتا ہے اور حکومت مستحق طبقات کو سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ ہے۔ یہ اقدام نہ صرف شکایات کے فوری ازالے کو ممکن بنائے گا بلکہ عوام کا اعتماد بحال کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔