ثناء یوسف قتل کیس، ملزم کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
 عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں گرفتار ملزم کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں گرفتار ملزم کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم عمر حیات کو شناخت پریڈ کا عمل مکمل ہونے کے بعد علاقہ مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی شناخت ہوگئی ہے، ملزم کو 2 لوگوں مقتولہ کی والدہ اور پھوپھو نے شناخت کرلیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ملزم کے مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا گیا کہ ملزم سے زیر استعمال موبائل فون اور گاڑی کی برآمدگی کرنی اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے۔

عدالت کے روبرو ملزم عمر حیات نے کہا کہ میں نے موبائل پولیس کے حوالے کردیا ہے، میری استدعا ہے میرا میڈیکل کرایا جائے، جس پر عدالت نے ملزم کے میڈیکل کی ہدایت کر دی۔

ملزم عمر حیات نے مزید کہا کہ میرا اپنی فیملی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، فیملی کو پتا ہے کہ وکیل کرنا ہے یا نہیں۔

بعدازاں عدالت نے پولیس کی ملزم کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور 4 روز کے لیے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا،جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو 20 جون کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔