تحریک انصاف کی پیپلزپارٹی کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی پیشکش
پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کو وفاقی بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی پیشکش کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کو وفاقی بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی پیشکش کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن کی ممکنہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام میں اس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بجٹ جیسے اہم قومی ایشو پر حزب اختلاف کی جماعتیں متحد ہو جائیں تو حکومت پر دباؤ بڑھایا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما محمد اسرار فائرنگ سے جاں بحق

اس موقع پر راجا پرویز اشرف نے اسد قیصر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تحریک انصاف کی اس پیشکش کو پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے، بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آ رہے ہیں اور ان سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب وفاقی بجٹ پر ایوان میں بحث کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔

حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ پر حتمی مؤقف سامنے آنا باقی ہے، تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے کی جانے والی پیشکش نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔