وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر راکٹ حملہ
Mubarak Zeb Khan
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر پر راکٹ حملہ ہوا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق راکٹ حملہ باجوڑ کے علاقے میں رات گئے کیا گیا، جس کا ہدف وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کا ذاتی رہائش گاہ تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے اور حملے کے محرکات اور ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

حملے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گھر کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کو اسرائیل کیخلاف اپنے دفاع کا پورا حق ہے، پاکستان

واضح رہے کہ مبارک زیب خان رواں سال فروری میں عام انتخابات کے دوران این اے 8 باجوڑ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں اپنی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے معاون خصوصی مقرر کیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی نوعیت اور وقت نے سیکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ عوامی نمائندوں کی سیکیورٹی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ واقعے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔