پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی
Pakistan weather forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی تبدیلی کی نوید سنا دی ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں دن کے وقت موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم رات کے وقت آندھی اور ہلکی بارش کی توقع ہے۔ مری، گلیات، اٹک اور چکوال میں بھی بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، جہلم اور تلہ گنگ میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی کمی کا امکان بھی ہے۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ رات کے وقت چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ یہ بارشیں مقامی درجہ حرارت میں کمی اور کسانوں کیلئے کچھ راحت کا باعث بن سکتی ہیں۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند دنوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔