ضمانت عمران خان کا حق، ہمیں اعتراض نہیں ہو گا: بلاول بھٹو
 چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضمانت عمران خان کا آئینی حق ہے، عمران خان کی عدالت سے ضمانت پر رہائی کو چیلنج نہیں کریں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ضمانت عمران خان کا آئینی حق ہے، عمران خان کی عدالت سے ضمانت پر رہائی کو چیلنج نہیں کریں گے۔

برطانیہ میں ایک انٹرویو کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے صحافی نے سوال پوچھا کہ کہا جارہا ہے 11 جون کو عدالت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ضمانت پر رہا کر سکتی ہے اس پر آپ کیا کہیں گے؟

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر عدالت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ضمانت پر رہا کردے تو میں اس کی حمایت کروں گا،ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ضمانت ملنا عمران خان کا آئینی حق ہے، میں اس کی حمایت کروں گا، میں اور میری پارٹی اس کو چیلنج نہیں کریں گے،پاکستان میں ہر کیس کا ایک قانونی طریقہ کار ہے اور یہ بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔