
عید قرباں کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے طور پر اجتماعی و انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔
عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، کل کے میزبان آج بنیں گے مہمان،باربی کیو کا بھی پلان تیار کر لیا گیا، مہمانوں کی بریانی،کباب، مٹن قورمہ دیگر لوازمات سے تواضع کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کے ہاتھ کا ذائقہ چکھنا چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔
دوسری جانب دعوتوں سے فراغت کے بعد بچوں نے سیر سپاٹوں کے پروگرام بھی بنا رکھے ہیں، دھوپ کی شدت میں کمی کے بعد شہری تفریحی مقامات کا رخ کریں گے۔
یاد رہے کہ عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور حیدرآباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جوش و خروش دیکھنے کو ملا تھا۔
عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی گھروں میں دعوتوں کا اہتمام جاری رہا جہاں دوست احباب اور رشتہ دار جمع ہو ئ، سخت گرمی کے باوجود خواتین مختلف لذیذ پکوانوں کی تیاری میں مصروف رہیں جن میں کڑاہی گوشت، بریانی، قورمہ، کباب اور گوشت سے بنے دیگر پکوان شامل تھے۔