
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عید والے دن بھی آپ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے فضول قسم کی تنقید کرنے سے باز نہیں آئے، وزیراعلیٰ پنجاب کا گراؤنڈ پر جانا اس لیے ضروری نہیں کیونکہ ایک لاکھ چالیس ہزار لوگ،انتظامیہ اور وزراء گروانڈ پر موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مقصد آلائشیں اٹھانا اور صوبے کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہے، اس وقت پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز فیلڈ میں کام کررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دو دن سے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کے وزراء کی فوج منظرعام سے غائب ہے،آپ پورے سندھ تو کیا صرف کراچی کو بھی صاف کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، پچھلے 16 سال سے سندھ حکومت اور اس کےبچے جموروں کا ایک ہی رونا ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بات میڈیا مینجمنٹ کی نہیں جو میڈیا کو دکھ رہا وہی میڈیا دکھا رہا، سندھ حکومت کے پاس نہ بتانے کو کچھ ہے نہ دکھانے کو ،حسد کا علاج تو حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا،ایک محاورہ ہے محنت کر حسد نا کر۔
خیال رہے کہ قبل ازیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ میں کل سے سڑک پر ہی گھوم رہا ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب کہیں گئی نہیں ہیں لیکن ٹیلی ویژن پر صاف ستھرا پنجاب نظر آرہا ہے، یہ ان کی مینجمنٹ ہے لیکن ہمارے پاس میڈیا مینجمنٹ کے لیے پیسے نہیں ہیں۔