
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق رات تین بجے کے قریب لانڈھی پروسیسنگ زون میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، ابتدائی طور پر آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا تاہم آگ دوبارہ بھڑک اٹھی، ہوا کے باعث آگ میں شدت آئی جس کے باعث قریبی مزید دو فیکٹریاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔
حکام نے بتایا کہ دو پرانے کپڑوں کی فیکٹریوں اورایک آئل پراڈکٹ بنانے والی فیکٹری میں آگ لگی، متاثرہ فیکٹریوں سے سامان نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، عید کی چھٹیوں کے باعث فیکٹریاں بند ہیں جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان کی تحقیقات جاری ہیں۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا ہے، باوزر سے پانی منگوایا گیا ہے،قریب کے فیکٹری مالکان فائر بریگیڈ کو پانی لینے نہیں دے رہے، موقع پر 12فائر ٹینڈرز، دو اسنارکل اور ایک باوزر موجود ہے۔
ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق سی ای او واٹر کارپوریشن نے لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی، صفورہ ہائیڈرنٹ پر اسٹینڈ بائی پر واٹر ٹینکرز کھڑے کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر برگیڈ اور ریسکیو سے رابطے میں ہیں جبکہ فوکل پرسن ایم ڈی برائے ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فائر بریگیڈ کو آگ بجھانے کے لیے بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے، واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ کے ساتھ آگ بجھانے کے آپریشن میں بھرپور مدد کر رہا ہے، آتشزدگی پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔