
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عید کے پہلے اور دوسرے روز بھی صفائی انتظامات کی ذاتی طورپر بھرپور مانیٹرنگ میں مصروف ہیں، مریم نواز نے صوبہ بھر سے صفائی ستھرائی کے انتظامات پر مثبت ردعمل ملنے پر اظہار اطمینان کیا اور متعلقہ اداروں کو شاباش دی۔
عید صفائی مہم کی کامیابی کے لیے ہر ڈویژن میں کمشنر، ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر او ر ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر صفائی انتظامات کے لئے خود فیلڈ میں نکل آئے،کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے گھر گھر جا کر چیکنگ کی اور عوام سے فیڈ بیک لیا۔
رپورٹ کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عیدسے ایک روز پہلے94فیصد ویسٹ کولیکشن کی گئی جبکہ عید کے روز ایک لاکھ 11ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا گیا،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عوام کی 85فیصد شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔
عید کے موقع پرایک لاکھ 40ہزار ورکر ز ویسٹ کولیکشن کے لئے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں جبکہ عید آپریشن میں 38ہزار گاڑیوں اورویسٹ کولیکشن کے لئے 3لاکھ 80ہزارسے زائد آلات کا استعمال کیا جارہا ہے۔
ویسٹ کولیکشن کے لئے پہلی مرتبہ ایک کروڑ 20لاکھ ڈسپوزیبل بیگز تقسیم کیے گئے جبکہ آلائشوں کی بروقت تلفی یقینی بنانے کے لئے یونین کونسلز کی سطح پر3ہزار 970کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
جانوروں کی آلائشوں سے پھیلے تعفن کو دور کرنے لئے 30ہزار لیٹر سے زائد عرق گلاب جبکہ ایک لاکھ43ہزار لیٹر فینائل کا استعمال کیا جارہا ہے، صفائی کیلئے 29 لاکھ 87 ہزار کلو گرام چونا استعمال کیاگیا۔
اب تک کی صورتحال کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور، بہاولپور اور سرگودھا ٹارگٹ سے 100فیصد زائد ویسٹ کولیکشن کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان ، فیصل آباد، گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،ملتان اور ساہیوال 80فیصد تک ویسٹ کولیکشن ہو چکی ہے۔