آرمی چیف کا ایل او سی پر اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کیساتھ عید منائی
 فیلڈ مارشل و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دور کیا اور جوانوں کیساتھ عید منائی۔
فوٹو بشکریہ آئیا سی
راولپنڈی: (سنو نیوز) فیلڈ مارشل و آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دور کیا اور جوانوں کیساتھ عید منائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے دورے کا آغاز نماز عید سے ہوا،نماز عید کے بعد پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،پاکستان کے دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لئے بھی دعائیں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی افسروں اور جوانوں کو عید کی پرخلوص مبارکباد دی اور ان کے غیر متزلزل عزم،پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل چیلنجز کے باوجود ثابت قدمی سے فرض کی ادائیگی کو سراہا۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مورچوں پر عید اور اہلِ خانہ سے دوری مادرِ وطن کے تحفظ کے اعلیٰ قومی مقصد کے لیے ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آرمی چیف نے "معرکۂ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" میں فارمیشن کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور شہداء کو خراج عقیدت جبکہ غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے عزم اور سلامتی کو تقویت دیتی ہیں،مسلح افواج مکمل جنگی تیاری کے ساتھ کسی بھی جارحیت کو فیصلہ کن انداز میں روکنے اور شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر کا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف منصفانہ اور بہادرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔