وزارت خزانہ بجٹ ونگ کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
وزارتِ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بجٹ وِنگ کے تمام ملازمین کی عید کی تعطیلات منسوخ کر دی
وزارتِ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں بجٹ وِنگ کے تمام ملازمین کی عید کی تعطیلات منسوخ کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزارتِ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بجٹ وِنگ کے تمام ملازمین کی عید کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ وفاقی بجٹ 2025-26 کی بروقت تیاری اور پیشکش کو یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری میں مصروف تمام سرکاری ملازمین کو صرف 7 جون بروز ہفتہ کی ایک دن کی عید کی چھٹی دی گئی ہے، جبکہ 6 جون (جمعہ)، 8 جون (اتوار) اور 9 جون (پیر) کو انہیں دفتر میں حاضر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس دوران ملازمین کو بجٹ دستاویزات کی تیاری، اشاعت، اور اقتصادی سروے کی تکمیل کے سلسلے میں اضافی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس: نیب کو 11 جون تک وقت مل گیا

وزارت خزانہ کے مطابق عید تعطیلات کے دوران خدمات انجام دینے والے ملازمین کو خصوصی الاؤنسز دیے جائیں گے تاکہ ان کی اضافی محنت کا ازالہ کیا جا سکے۔ اس فیصلے کا مقصد بجٹ کے ہر پہلو کو مکمل، شفاف اور تکنیکی طور پر درست بنانا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی بجٹ پیش کیے جانے سے قبل 9 جون بروز پیر کو قومی اقتصادی سروے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ سروے ہر سال بجٹ سے ایک روز قبل جاری کیا جاتا ہے جس میں پچھلے مالی سال کی معاشی کارکردگی، جی ڈی پی شرح نمو، مالیاتی خسارہ، مہنگائی کی شرح، زرعی اور صنعتی شعبے کی کارکردگی سمیت دیگر اہم اعداد و شمار شامل ہوتے ہیں۔

اس سال کے اقتصادی سروے کو بجٹ کا ایک اہم پیش خیمہ تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس میں موجود اعداد و شمار آئندہ مالی سال کی مالی پالیسی اور ترجیحات کی بنیاد رکھیں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے لیے یہ بجٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط اور ریفارمز کے سخت اقدامات دکھانے ہوں گے۔ ایسی صورتحال میں وزارتِ خزانہ کا یہ قدم بجٹ کی تیاری کو سنجیدگی سے مکمل کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔