جناح ہاؤس حملہ کیس، عالیہ حمزہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے وارنٹ گرفتار ی جاری کر دیے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے وارنٹ گرفتار ی جاری کر دیے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر عدالت پیش نہ ہوئیں جبکہ ا ن کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

جج منظر علی گل نے ریمارکس میں کہا کہ ملزمہ کی عدم پیشی کے باعث آج سرکاری گواہان کے بیانات ریکارڈ نہیں ہو سکے، عالیہ حمزہ مقدمے کی 4 سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نو مئی کیس، عدم پیشی پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس

بعدازاں اے ٹی سی جج نے رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے عالیہ حمزہ کے ضمانتی مچلکے منسوخ کردیے اور ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

علاوہ ازیں عدالت نے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور مقدمہ کی مزید سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا جس میں اہم جناح ہاؤس سمیت اہم فوجی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر دھاوا بولا گیا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران کارکنان کی جانب سے ریاستی اداروں میں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر تحریک انصاف کی قیادت سمیت متعدد کارکنان پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔