برطانوی وفد کو اڈیالہ جیل میں قید شہری تک قونصل رسائی
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید برطانوی شہری طاہر نعیم سے برطانوی سفارتکاروں کو قونصل رسائی فراہم کر دی گئی
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید برطانوی شہری طاہر نعیم سے برطانوی سفارتکاروں کو قونصل رسائی فراہم کی گئی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید برطانوی شہری طاہر نعیم سے برطانوی سفارتکاروں کو قونصل رسائی فراہم کر دی گئی۔

دو رکنی برطانوی سفارتی وفد نے جیل حکام کی اجازت سے طاہر نعیم سے ملاقات کی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دفتر میں ہوئی جہاں قیدی کی صحت، قانونی کارروائی اور مقدمے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی میں نیا عہدہ مل گیا

ذرائع کے مطابق برطانوی سفارتی عملہ جیل حکام کے ہمراہ خصوصی سیکیورٹی میں طاہر نعیم سے ملا۔ وفد نے قیدی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سوالات کیے، جبکہ مقدمے کی نوعیت، پیش رفت اور عدالتی کارروائیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ ملاقات کے دوران قیدی نے اپنے قانونی مسائل اور تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

برطانوی شہری طاہر نعیم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) سیالکوٹ نے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ اس پر غیر قانونی منشیات رکھنے اور اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جس کے بعد اسے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ مقدمہ اب بھی زیر سماعت ہے، اور قیدی کی قانونی ٹیم عدالت میں اپنے دفاع کے لیے سرگرم ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان میں قید اپنے شہریوں کو قونصلر معاونت فراہم کرنے کی پالیسی کے تحت یہ ملاقات عمل میں لائی گئی۔ ملاقات کے اختتام پر سفارتی وفد جیل سے واپس روانہ ہو گیا اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ قونصل رپورٹ کی روشنی میں برطانوی حکومت کو آئندہ اقدامات کے لیے سفارشات پیش کرے گا۔