بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی میں نیا عہدہ مل گیا
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو پارٹی میں نیا عہدہ مل گیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو پارٹی میں نیا عہدہ مل گیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے توشہ خانہ ٹو کیس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے، بانی نے کہا ہے ان کیلئے سارے دروازے بند کئے گئے احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، اسلام آباد کی کال دینے کے بجائے پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی نے کہا ہے احتجاجی تحریک کو وہ خود لیڈ کریں گے، احتجاجی تحریک کے حوالے سے تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی ، بانی نے احتجاج کا ابھی کوئی ٹائم فریم نہیں دیا وہ خود دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا ہے وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے، تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے، مجھے چیئرمین شپ سے ہٹانے کی باتیں افواہیں پھیلانے والے لوگ کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی پیٹرن انچیف ہیں میں پارٹی کا چیئرمین رہوں گا،پارٹی کا چیئرمین نہ ہونے کی صورت میں سب کو پتہ ہے نتائج کیا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی ذمہ داری ہمیشہ علی امین گنڈا پور کو دی جاتی تھی اب ایسا نہیں، احتجاج کے حوالے سے مختلف لوگوں مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی، بانی نے پارٹی لیڈر شپ پر کوئی عدم اعتماد نہیں کیا ، بانی کو معلوم ہے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، میری ہمیشہ کوشش رہی ہے مسائل بات چیت سے حل ہوں،میں ابھی بھی چاہتا ہوں مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا ہے، عمران خان دو سال سے جیل میں ہیں انہوں نے ہمیشہ بات چیت کو ترجیح دی،ہم نے مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دیا، ہم کسی صورت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کرینگے، ہم پرامن احتجاج کریں گے یہ ہمارا حق ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی کے کیسز لگتے نہیں اگر لگتے ہیں تو شنوائی نہیں ہوتی، مخصوص نشستوں پر عدالتیں فیصلہ نہیں کررہیں، ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہورہی لیکن بانی نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا آپشن کھلا رکھا ہے۔