وزیراعلیٰ مریم نواز کا بجلی بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان
 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز صوبائی کابینہ اجلاس کی صدارت کررہی ہیں
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کردیا۔

‏وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 26 واں اجلاس ہوا جس میں 101 ایجنڈا پوائنٹس پیش کیے گئے۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نےبجلی کے بلوں میں کمی کیلئے پاور ٹیرف کم کرنے کا اعلان کردیا،پنجاب رضاکارانہ طور پر بجلی کے نرخ کم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کی پاور کمپنیوں کا ٹیرف کم کرنے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ٹیرف میں 30سے40فیصد تک کمی ہوسکے گی۔

صوبائی کابینہ نے قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹیرف میں کمی کی منظوری دی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ لوگ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہیں، ہم جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سمبڑیال کا ضمنی الیکشن جیتنے پر مبارکباد دی، اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کی بہت بڑی تعداد نے ووٹ کاسٹ کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق اور معاون خصوصی ذیشان ملک کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لیہ میں ہسپتال اور سڑکوں کی بہتری پر وزیر صحت، وزیر مواصلات اور سیکرٹریز کو شاباش دی۔

اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو 400ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی دیدی گئی، پی جے ایچ ایف، لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز II کے لئے کی اراضی کے لئے روڈا کو ادائیگی ہوگی۔

دوران اجلاس وزیراعلٰی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کے 5لاکھ 14ہزار کاشتکاروں کو فی ایکڑ پانچ ہزار سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہو گئی، گندم کے مزید پانچ لاکھ کاشتکاروں کو تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد ادائیگی کر دی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے دوسرے مرحلے میں 63ارب مہیا کیے گئے اور کاشتکاروں نے 18ارب روپے کی کھاد خرید لی جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بہت بڑا پیکیج دینے جارہے ہیں۔

صوبائی کابینہ نے پنجاب کے نو ڈویژنز میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام بڑوں شہر وں میں جلد از جلد چارجنگ سٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

کابینہ اجلاس میں پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سنٹر لاہور ایکٹ 2025ء اور لاہورمیں پاکستان کا پہلا نوازشریف میڈیکل سٹی قائم کرنے کے لئے اراضی کی منتقلی کی منظوری بھی دی گئی، پانچ ہزار کنال پر مشتمل میڈیل ڈسٹرکٹ میں بلڈ ڈیزیز، بون میرو اور دیگر تمام سپیشلائزڈ سنٹر بنیں گے۔

نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پارکس، ہوٹل، فوڈ کورٹ، پلے ایریا اور اربن فارسٹ بھی قائم ہوں گے۔